چنڈی گڑھ،14فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)تعلیم اور سرکاری ملازمتوں میں ریزرویشن کی مانگ کو لے کر ہریانہ میں جاٹ تحریک کا آج 17واں دن ہے۔اس تحریک کی قیادت کر رہی آل انڈیا جاٹ ریزرویشن سنگھرش سمیتی کے صدر یشپال ملک نے بتایا کہ ہماری تحریک ہریانہ کے تمام اضلاع میں چل رہی ہے اور آج یہ دہلی کے بوانا گاؤں میں بھی پہنچ گئی۔ریاست کے کئی علاقوں میں دھرنااورمظاہر جاری ہے۔تین روز قبل ہریانہ حکومت کی ایک کمیٹی اور جاٹ تحریک کے لیڈران کے درمیان ہوئی میٹنگ بے نتیجہ رہی۔اگرچہ ابھی تک دھرنا اورمظاہرہ پرامن رہا، لیکن ان جاٹ لیڈروں نے اپنے مطالبات نہیں مانے جانے کی صورت میں 19فروری کے بعد تحریک تیز کرنے کی دھمکی دی ہے۔ہریانہ کے محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور حکومت کی طرف سے بنائی گئی سینئر افسران کی کمیٹی کے رکن رام نواس نے کہا کہ حکومت صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔